دینہ/جہلم : 19 کروڑ ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری کے دوران دینہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملزمان کا سہولت کار ہلاک، فائرنگ سے ڈی ایس پی اور کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں 19 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے دوران جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقے کرلہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک مبینہ سہولت کار ہلاک جبکہ ڈی ایس پی اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان لاہور میں واردات کے بعد فرار ہو کر مختلف اضلاع سے ہوتے ہوئے منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے راستے دینہ پہنچے۔ پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو انہوں نے ناکہ بندی توڑ دی اور کرلہ گاؤں میں اپنے مبینہ سہولت کار کے گھر میں پناہ لے لی۔
گجرات میں ایک اور پولیس مقابلہ 31سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم ذیشان بابر ساتھیوں کی فائرنگ سے پار
پولیس کے پہنچنے پر ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس کے دوران ڈاکوؤں کا مبینہ سہولت کار ہلاک ہوگیا جبکہ ڈی ایس پی ابراہیم وڑائچ اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ابراہیم وڑائچ کے سر کے قریب سے گولی گزری جس سے وہ معمولی زخمی ہوئے جبکہ کانسٹیبل کی ٹانگ پر گولی لگی۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈی پی او جہلم بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
