ضلع جہلم پولیس نے ماہ مئی 2025 کے دوران مختلف کارروائیوں میں 8 گینگز کو گرفتار کر کے 33 لاکھ روپے سے زائد مالِ مسروقہ برآمد کیا، منشیات، اسلحہ، قمار بازی اور اشتہاری مجرمان کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کیے گئے۔
جہلم پولیس نے ماہِ مئی 2025 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی قیادت میں پولیس نے امن و امان قائم رکھنے، مجرموں کی گرفتاری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف محاذوں پر کارروائیاں کیں۔
ترجمان کے مطابق، مئی میں پولیس نے 8 منظم جرائم پیشہ گینگز کو ٹریس کر کے 23 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، 3 موبائل فونز، 1 پسٹل اور ایمونیشن سمیت 33 لاکھ 3 ہزار 800 روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔
منشیات کے خلاف مہم میں 47 مقدمات درج کیے گئے اور 49 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس، ہیروئن، آئس، افیون اور شراب برآمد کی گئی۔ اسلحے کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے 38 مقدمات میں 38 افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان سے 34 پسٹل، 3 رائفلیں، 1 بندوق اور 110 کارتوس برآمد کیے گئے۔
قمار بازی کے خلاف ایک مقدمے میں 12 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 90 ہزار روپے نقدی، 11 موٹر سائیکلیں اور 2 مرغے برآمد ہوئے۔
اشتہاری مجرمان کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی، 91 اشتہاری گرفتار کیے گئے جن میں 20 اے کیٹیگری، 50 بی کیٹیگری اور 21 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قتل، ریپ، گینگ ریپ، بچوں سے زیادتی اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث کئی اہم ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ماہ مئی کے دوران 184 سرچ آپریشنز کیے گئے جن میں 5778 افراد کی تلاشی لی گئی اور مختلف کارروائیوں کے دوران اسلحہ، منشیات اور شراب برآمد کی گئی، جبکہ 4 اشتہاری مجرمان اور 3 عدالتی مفرور بھی گرفتار ہوئے۔
جہلم پولیس نے چالان کی شرح 71 فیصد تک برقرار رکھی، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5583 چالان کر کے 35 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔
پولیس خدمت مراکز سے 3879 شہریوں نے سہولیات حاصل کیں، جبکہ کھلی کچہریوں اور شکایات سیل کے ذریعے ڈی پی او نے خود 516 سائلین کی درخواستیں سن کر ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ ضلع جہلم پولیس ماضی میں بھی جرائم کے خاتمے کے لیے متحرک رہی ہے۔ ہر ماہ جاری ہونے والی کارکردگی رپورٹ عوامی اعتماد کی بحالی اور پولیس اصلاحات کے عمل کو مستحکم کرنے کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔