ڈی پی او جہلم کی ہدایت پر ضلع بھر میں پولیس کا سرچ آپریشن، 419 افراد کی چیکنگ، مجرمان کی گرفتاری کے لیے نگرانی جاری
جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی، غیر قانونی اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔
پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں 12 مقامات پر بھرپور سرچ آپریشنز کیے، جن کے دوران مجموعی طور پر 419 مشتبہ افراد کو چیک کیا گیا۔ ان افراد کی تصدیق شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔
سرچ آپریشنز کے دوران شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کی گئیں، جہاں گاڑیوں اور راہگیروں کی سخت نگرانی کے ساتھ چیکنگ کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق، مجرمان اشتہاری، جرائم پیشہ افراد اور معاشرتی بدامنی پھیلانے والوں کی گرفتاری کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا، اور کسی بھی شرپسند کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف جرائم کے خاتمے بلکہ عوام کے اعتماد کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔