ڈی پی او طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر جہلم میں 13 مقامات پر سرچ آپریشنز، 430 افراد کی چیکنگ، داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں
جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں، جن کا مقصد دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور شرپسندوں کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا تھا۔ پولیس نے ضلع کے 13 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے جن میں مجموعی طور پر 430 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ان آپریشنز کے دوران شہریوں کی شناخت اور ویری فکیشن خصوصی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی، تاکہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی ناکہ بندیاں کی گئیں، جہاں گاڑیوں اور مشکوک افراد کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ان سرچ آپریشنز کا مقصد نہ صرف مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری ہے، بلکہ غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور دیگر جرائم کی سرگرمیوں کو بے نقاب کر کے ان کا قلع قمع کرنا بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
جہلم: تھانہ سٹی پولیس کی کارروائی، مغوی بازیاب
جہلم پولیس کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل سے جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک بھر میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف اضلاع میں سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کی جا رہی ہیں، تاکہ امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنایا جا سکے۔ جہلم پولیس کی حالیہ کارروائی بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے جس کا مقصد امن دشمن عناصر کی نشاندہی اور ان کا مکمل خاتمہ ہے۔