جہلم پولیس نے دہشت گردوں ، جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سپیشل سرچ آپریشنز کیے، 402 افراد کی چیکنگ اور داخلی راستوں پر سخت ناکہ بندی کی گئی۔
جہلم میں پولیس نے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ان اقدامات کا مقصد اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا، غیر قانونی اسلحہ و منشیات کی برآمدگی اور جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کے 12 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 402 افراد کی شناخت کی گئی، اس موقع پر شہریوں کی ویری فکیشن جدید پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے کی گئی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی ناکہ بندی کی گئی جہاں مشتبہ گاڑیوں اور افراد کی باریک بینی سے چیکنگ کی گئی،سرچ آپریشنز کو ان افراد تک بھی پھیلایا گیا جن کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے یا ماضی میں جرائم میں ملوث رہے ہیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ پولیس جرائم اور شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کر رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو اور سماج دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ جہلم پولیس ماضی میں بھی جرائم کے خلاف ایسے ہی مؤثر آپریشنز کر چکی ہے، جن سے سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔