سیف سٹی منصوبے کے تحت جہلم ٹریفک پولیس کو باڈی کیم فراہم کر دی گئی، اہلکار دورانِ ڈیوٹی ویڈیو ریکارڈ محفوظ کر سکیں گے، پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد میں اضافہ متوقع۔
جہلم، وزیر اعلیٰ پنجاب کے "محفوظ پنجاب” ویژن، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق محمود سندھو کی قیادت میں ضلع جہلم کی پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا عمل جاری ہے۔
اس سلسلے میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت جہلم کی ٹریفک پولیس کو باڈی کیم فراہم کر دی گئی ہے۔ ان باڈی کیمز کی مدد سے ٹریفک اہلکار دورانِ ڈیوٹی اپنے اردگرد کے ماحول اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی کی صورت میں پیش آنے والے واقعات کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ کر سکیں گے۔
اس جدید اقدام سے نہ صرف شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی کا عمل بھی مضبوط ہوگا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق محمود سندھو نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں کیونکہ یہ صرف ان کی اپنی نہیں بلکہ دوسروں کی جان کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہذب شہری ہونے کی پہچان قانون کی پاسداری میں ہے اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ باڈی کیم ایک خوش آئند اور جدید قدم ہے جس سے پولیس کی کارکردگی میں شفافیت آئے گی اور قانون شکنی کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں مؤثر اور دستاویزی شکل میں محفوظ ہوں گی۔
یاد رہے کہ سیف سٹی منصوبہ حکومت پنجاب کا وہ اہم اقدام ہے جس کا مقصد شہروں کو محفوظ بنانا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔
اس سے قبل لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد جیسے شہروں میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت جدید کیمروں اور ٹیکنالوجی کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔ اب اس کا دائرہ کار جہلم جیسے دیگر اضلاع تک وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔