جہلم میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ جاوید کالیا زخمی حالت میں گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم کے علاقے کھرالہ میں پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں گینگ کا سرغنہ جاوید کالیا زخمی ہو کر گرفتار، دیگر ملزمان فرار، سرچ آپریشن جاری

جہلم، شہر کے نواحی علاقے کھرالہ میں پولیس اور خطرناک ڈکیت گینگ کے درمیان ایک مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ کا سرغنہ جاوید کالیا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) جہلم کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس دوران ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کر دی۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق، جوابی فائرنگ کے دوران جاوید کالیا اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے زخمی ہوا، جس کے بعد اسے موقع سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مشتبہ مقامات کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ جاوید کالیا کا شمار ضلع جہلم، گجرات اور دینہ میں متعدد ڈکیتی اور سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب افراد میں ہوتا تھا۔

سی سی ڈی حکام کے مطابق، گرفتار ملزم سے ابتدائی تفتیش جاری ہے اور اس کے انکشافات کی روشنی میں مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔ زخمی ملزم کو پولیس حراست میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جاوید کالیا ایک عرصے سے پولیس کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں ڈکیتی، اقدامِ قتل اور مسلح وارداتوں کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ جہلم میں ڈکیتی کی وارداتوں میں حالیہ اضافے کے بعد یہ گرفتاری پولیس کی ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter