جہلم میں نالہ بنہاں میں طغیانی، متعدد دیہات متاثر، ایک خاتون کی لاش برآمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم میں بارشوں کے بعد نالہ بنہاں میں طغیانی، کئی بستیوں میں پانی داخل، ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

جہلم میں حالیہ بارشوں کے بعد برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں نالہ بنہاں میں شدید طغیانی آ گئی۔ پانی قریبی دیہات اور زرعی زمینوں میں داخل ہو گیا، جس سے رسولپور، رسول نگر اور خورد سمیت متعدد بستیوں کے رہائشی اپنی جان بچانے کے لیے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

latest urdu news

ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق خورد کے مقام پر ایک نامعلوم خاتون کی لاش پانی میں تیرتی ہوئی ملی، جسے فوری طور پر نکال کر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

امکان ہے کہ یہ لاش کسی دیگر علاقے سے بہتے پانی کے ساتھ یہاں پہنچی ہو اور شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے طغیانی کے خطرے کے پیش نظر دو روز قبل ہی فلیش فلڈ الرٹ جاری کیا تھا اور متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم پانی کی تیز رفتاری کے باعث کئی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 نے نالہ بنہاں اور نالہ گہان کے اطراف سات فلڈ ریسکیو پوسٹس قائم کر رکھی ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب، ملحقہ علاقوں کے لیے الرٹ جاری

اہل علاقہ نے حکومت پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں اور امدادی سامان فراہم کیا جائے۔

مزید یہ کہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں خطرات بڑھ سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔

یاد رہے کہ جہلم میں گزشتہ برس بھی شدید بارشوں کے بعد نالوں میں طغیانی کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے ریسکیو اور ایمرجنسی کی تیاریوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter