جہلم میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 45 سالہ شخص کو قتل کر دیا، پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے کریم پورہ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ سلیم کوثر جاں بحق ہوگیا۔ مقتول سلیم کوثر صبح موٹرسائیکل پر گھر سے کام پر جا رہا تھا کہ تھانہ سول لائن کے علاقے کریم پورہ روڈ پر گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سلیم کوثر ‘احمد میڈیکوز’ میں بطور ڈرائیور کام کرتا تھا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر کسی دیرینہ رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تفتیش کے تمام پہلوؤں پر کام جاری ہے۔
جہلم کے صحافی کے گھر سے نامعلوم چور پانی کی موٹر لے اڑے
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لاش کو تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
