جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ایل پی جی سلنڈر سرکاری نرخوں کے برعکس من مانی قیمتوں پر فروخت کیے جانے لگے ہیں جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ گھریلو سلنڈر کی سرکاری قیمت تقریباً 2600 روپے مقرر ہے، تاہم ایجنسی مالکان اور سلنڈر بھرائی کرنے والے دکاندار 3800 سے 4000 روپے تک وصول کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں جبکہ سرکاری طور پر ایل پی جی گیس کی قیمت تقریباً 220 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن بازاروں میں دکاندار گیس کو تقریباً 315 روپے فی کلو کے حساب سے سلنڈرز میں ری فل کر کے فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں عام آدمی کا استحصال ہو رہا ہے اور غریب طبقے کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور سول ڈیفنس سمیت متعلقہ اداروں کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں کے مطابق ایل پی جی گیس دستیاب ہو سکے۔
جہلم: غیر قانونی ایل پی جی گیس ایجنسی سیل، مالکان پر بھاری جرمانہ عائد
خصوصاً دینہ میں گیس سلنڈر 3800 سے 4000 روپے تک فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں جس کے باعث عوام شدید پریشان ہیں اور غریب طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی پکانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایل پی جی سلنڈر کی فروخت سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
