جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں موضع کوٹ غلام کو دریائے جہلم کے کٹاؤ سے بچانے کے لیے پانچ حفاظتی پتھریلے سٹڈز کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی۔
اس منصوبے کا مقصد دریا کے تیز بہاؤ کا رخ آبادی سے موڑ کر مقامی گھروں اور زرعی اراضی کو مستقل تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران اے ڈی سی آر سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل تمام تعمیراتی کام ہر صورت مکمل کیا جائے اور ٹینڈرنگ کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
جہلم: عیدالفطر سے قبل مرکزی بازاروں میں غیر معمولی رش، شہریوں کو شدید مشکلات
انہوں نے مزید تاکید کی کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ یہ حفاظتی بند طویل عرصے تک سیلابی ریلوں کا مقابلہ کر سکیں۔
اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ اہل علاقہ کو اعتماد میں لے کر منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے مکینوں اور زرعی اراضی کو ممکنہ سیلابی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
