جہلم میں حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ اور کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے 12 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع بھر میں سیکیورٹی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے کی گئیں۔
کن علاقوں میں کارروائیاں ہوئیں؟
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں تھانہ سٹی، سول لائنز، چوٹالہ، ڈومیلی، سوہاوہ، منگلا کینٹ، دینہ، صدر، جلالپور شریف، پنڈدادنخان اور للہ کے علاقوں میں انجام دی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 168 گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 398 مشکوک افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
گرفتاریاں اور قانونی کارروائی
کارروائی کے دوران 12 افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر قیام کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد کے کوائف کی مزید جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔
پولیس کا مؤقف
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا مقصد شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا اور شرپسند عناصر کو واضح پیغام دینا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے، جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے موجودہ حالات کے پیش نظر الرٹ ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔
