جہلم: موسم سرما کی تعطیلات کے بعد اسکول اور کالجز کھلتے ہی پہلے اور دوسرے روز طلباء و طالبات کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ گرین الیکٹرک بسوں کی صبح کے اوقات میں ٹائمنگ مناسب نہ ہونے کے باعث بڑی تعداد اسکول اور کالج بروقت نہیں پہنچ سکی۔
طلباء و طالبات کے مطابق صبح کے وقت ایک الیکٹرک بس کے بعد دوسری بس تقریباً 35 سے 40 منٹ کی تاخیر سے پہنچتی ہے جبکہ بیشتر اسکولوں اور کالجوں کا وقت صبح 8 سے ساڑھے 8 بجے کے درمیان شروع ہو جاتا ہے۔ اس تاخیر کے باعث طلبہ کو یا تو غیر حاضری کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا پھر مہنگے متبادل ذرائع اختیار کرنا پڑتے ہیں۔
طلبہ اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ صبح 7:30 بجے سے 8:30 بجے تک ہر 10 سے 15 منٹ بعد الیکٹرک بسیں چلائی جائیں تاکہ تعلیمی اوقات کے مطابق سفری سہولت میسر آ سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ شیڈول میں بہتری لائے بغیر تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔
جہلم میں الیکٹرک بس سروس کے روٹس میں اہم تبدیلیاں اور توسیع
شہریوں اور والدین نے اس صورتحال پر میر رضا اوزگن اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بس سروس ایک مثبت قدم ہے، تاہم طلبہ کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے صبح کے شیڈول میں اضافہ اور وقفہ کم کیا جانا ناگزیر ہے۔
والدین نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ حکام فوری اقدامات کرتے ہوئے الیکٹرک بس سروس کو تعلیمی اداروں کے اوقات سے ہم آہنگ کریں گے تاکہ طلباء و طالبات کو روزانہ کی بنیاد پر پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
