جہلم میں گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکے سے خاتون اور اس کا 23 سالہ بیٹا جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ آئمہ جٹاں میں گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کا 23 سالہ بیٹا اویس شدید جھلس کر زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر سول اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کچن میں موجود سلنڈر سے گیس لیکج ہو رہی تھی۔ آگ جلانے کے فوراً بعد زور دار دھماکہ ہوا، جس کے باعث کچن میں موجود خاتون اور اس کا بیٹا آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گئے۔ دھماکے کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو کے مطابق زخمی نوجوان اویس کے جسم کا 45 فیصد سے زائد حصہ جھلس چکا ہے، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کھاریاں برن یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ خاتون کا علاج سول اسپتال میں جاری ہے۔
راولپنڈی میں گیس لیکج دھماکا، 5 افراد جھلس کر زخمی
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گیس سلنڈرز کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتی جائے، کچن میں گیس کی بو محسوس ہونے کی صورت میں فوراً آگ جلانے سے گریز کیا جائے اور بروقت لیکج دور کرائی جائے تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔
