مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جہلم کو بھی جلد الیکٹرک بسوں کا تحفہ ملنے جا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ جہلم آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کے حالیہ دورہ کے بعد جہلم کے دورے کی تاریخ کا چند دنوں میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جہلم کی خوش قسمتی ہے کہ دیگر بڑے شہروں کی طرح یہاں بھی الیکٹرک بسیں چلیں گی جو جدید اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کا حصہ ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی پبلک ٹرانسپورٹ کا اس علاقے میں پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا گیا تھا، یہ اعلیٰ معیار کی سروس ہوگی جو شہریوں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
بلال اظہر کیانی نے بالخصوص خواتین کے لیے اس منصوبے کو بڑی سہولت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو خواتین روزگار یا دیگر کاموں کے سلسلے میں سفر کرتی ہیں، ان کے لیے یہ سروس محفوظ اور باوقار سفر کا بہترین ذریعہ ثابت ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے آئندہ دورہ جہلم کے دوران نہ صرف الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر پیش رفت متوقع ہے بلکہ شہریوں کے لیے دیگر ترقیاتی اور عوامی فلاحی اعلانات بھی کیے جائیں گے۔
