جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے شہر کے اہم علاقوں ریور روڈ اور تحصیل روڈ کا غیر اعلانیہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے سڑکوں کے اطراف موجود تجاوزات اور غیر قانونی کباڑ خانوں کا سختی سے نوٹس لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوامی راہ داریوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران ڈی سی میثم عباس نے ریور روڈ کے باغ محلہ اور تحصیل روڈ پر جگہ جگہ موجود کچرے کے ڈھیر، کباڑ خانوں اور سڑکوں پر پھیلے غیر ضروری سامان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کباڑی حضرات کو واضح ہدایت کی کہ اپنا تمام سامان دکانوں کے اندر منتقل کریں اور سڑک کنارے سے ہر قسم کی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹا دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بلدیاتی اداروں اور صفائی سے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولت کے پیشِ نظر تجاوزات کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقل بنیادوں پر ایسے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ جہلم شہر کو صاف، خوبصورت اور منظم بنایا جا سکے۔