جہلم/ دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی نگرانی میں قلبی ویلفیئر سوسائٹی دینہ کے تعاون سے ڈی سی آفس، ایجوکیشن آفس اور سول ڈیفنس آفس کے درجہ چہارم کے ملازمین سمیت مستحق کیئر گیورز خواتین میں راشن تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اور سفید پوش طبقے کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلبی ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے مستحقین کی مدد کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ مہنگائی کے اس دور میں نچلے طبقے کے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی نے بھی قلبی ویلفیئر سوسائٹی کی انسانی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات معاشرے میں ہمدردی اور تعاون کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔
راشن کی تقسیم کے دوران ایک منفرد پہلو یہ بھی تھا کہ مستحقین کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے کسی قسم کا فوٹو سیشن نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ نیکی میں نمود و نمائش سے اصل مقصد فوت ہو جاتا ہے، اس لیے مستحق افراد کی رازداری کو ترجیح دی گئی ہے۔
جہلم: نگہبان کارڈ کی تقسیم کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی اس سوچ اور اقدام کو سراہتے ہوئے اسے دیگر انتظامی افسران کے لیے قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔ سرکاری ملازمین نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی۔
قلبی ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر انسانیت کی خدمت کا یہ مشن آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے جنہوں نے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
