ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہر کے ریڑھی بانوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا روزگار مکمل طور پر محفوظ رہے گا اور نئے ریڑھی بازار کے قیام کے دوران کسی بھی محنت کش کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے ریڑھی بانوں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کی اور ان کے کاروباری مسائل اور انتظامی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
ریڑھی بانوں نے ملاقات میں ڈپٹی کمشنر کو شہر میں ریڑھیوں کی جگہوں کے لیے ہونے والی قرعہ اندازی اور مجوزہ ریڑھی بازار کی تقسیم کے حوالے سے درپیش مشکلات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انتظامی اقدامات کے نتیجے میں ان کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ریڑھی بانوں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ محنت کش طبقے کے مفادات کا تحفظ بھی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے ریڑھی بازار کا قیام جلد مکمل کیا جائے گا اور اس عمل کے دوران کسی بھی ریڑھی بان کے روزگار کو نقصان پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔
جہلم میں خدمت مرکز میں ہنگامہ، سابق پولیس ملازم گرفتار
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ ریڑھی بازار کی قرعہ اندازی اور جگہوں کی تقسیم کا عمل مکمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ریڑھی بان کا حق ضائع نہ ہو۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریڑھی بانوں کی جائز شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور انتظامیہ ان کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
شہری حلقوں اور ریڑھی بانوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ریڑھی بانوں کے مفادات محفوظ ہوں گے بلکہ شہر میں نظم و نسق اور کاروباری ماحول بھی بہتر ہوگا۔ شہر میں نئے ریڑھی بازار کے قیام سے نہ صرف محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچے گا بلکہ شہریوں کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
