جہلم کے شہریوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایک منفرد اور عوامی اہمیت کا حامل مطالبہ کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جس طرح سڑکوں، داخلی و خارجی راستوں اور چوک چوراہوں پر بغیر ہیلمٹ، بغیر ڈرائیونگ لائسنس، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اسی طرح سرکاری دفاتر میں بھی کرپشن کنٹرول اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔
شہریوں نے وضاحت کی کہ اگر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد ممکن ہے تو سرکاری دفاتر میں نظم و ضبط، شفافیت اور جوابدہی کیوں ممکن نہیں؟ ان کا مطالبہ ہے کہ پنجاب حکومت کے تمام سرکاری دفاتر میں نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ کرپشن، غیر حاضری اور عوام کو بلا وجہ پریشان کرنے جیسے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔
شہریوں کے مطابق اگر وزیراعلیٰ پنجاب اس تجویز پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرائیں تو نہ صرف سرکاری دفاتر میں کام کا معیار بہتر ہوگا بلکہ پنجاب بھر کے عوام کا حکومت پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔ عوامی حلقوں نے زور دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، چاہے وہ عام شہری ہو یا اعلیٰ سرکاری افسر۔
جہلم کے شہریوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپیل کی کہ یہ اقدام عوامی مفاد میں فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ سرکاری دفاتر میں شفاف نظام قائم ہو اور شہری حقیقی معنوں میں ریلیف حاصل کر سکیں۔
