ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی زیرِ صدارت اجلاس، سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح پر بھرپور تیاریاں مکمل۔
جہلم: محرم الحرام کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ جہلم نے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے مربوط حکمتِ عملی ترتیب دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک کنٹرول، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹی، ریسکیو 1122، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلع پولیس، ٹریفک پولیس، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اہم اداروں کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران تمام اداروں نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ صفائی، میڈیکل ایمرجنسی اور ٹریفک کے متبادل راستوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کو یہ بھی بتایا گیا کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں مقرر کر دی گئی ہیں اور کنٹرول روم میں فوکل پرسنز کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو بھرپور سہولیات مہیا کی جائیں گی، اور بین المسالک ہم آہنگی، امن و سکون، اور جلوسوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے تمام اداروں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری طرح متحرک رہے گی۔
یاد رہے کہ ہر سال محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا جاتا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے اور عوام کو مکمل تحفظ و سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔