جہلم میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات، ڈپٹی کمشنر کی ہدایات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت سوشل ویلفیئر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد دور رس اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

latest urdu news

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم نے پنجاب بھر میں ہمت کارڈز کی تقسیم میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جہاں اب تک 626 ہمت کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 416 کارڈز کی فراہمی جاری ہے۔ اس کے علاوہ، 17 معذور افراد کے لیے امدادی آلات کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد کے سرکاری کوٹے پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیا اور مختلف اداروں میں بھرتی ہونے والے خصوصی افراد کے تقرری آرڈرز تقسیم کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان افراد کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں معذور امام مساجد کے لیے مالی معاونت اور فوری وظیفہ دینے کے اقدامات بھی شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ شہر کے انفراسٹرکچر کو معذور افراد کے لیے سازگار بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ تمام کمرشل پلازوں اور بڑی بلڈنگز کے باہر خصوصی ریمپس بنائے جائیں تاکہ وہیل چیئر کے حامل افراد کو نقل و حرکت میں رکاوٹ نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا باوقار شہری بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter