ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر پیرا انفورسمنٹ اسٹیشن جہلم میں نئی بھرتیوں کے سلسلے میں جسمانی آزمائش (فزیکل ٹیسٹس) کا انعقاد کیا گیا، جس میں امیدواروں کی جسمانی صلاحیتوں اور مقررہ معیار پر پورا اترنے کی جانچ کی گئی۔ ان ٹیسٹس کا مقصد اہل، مستحق اور باصلاحیت امیدواروں کا انتخاب یقینی بنانا تھا تاکہ ادارے میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں عمل میں لائی جا سکیں۔
فزیکل ٹیسٹس کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے خود کی، جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر، ایس ڈی ای او شاہد ممتاز اور ڈی ایس پی شہباز ہنجرا بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے تمام مراحل کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، تاکہ صرف وہی امیدوار منتخب ہوں جو واقعی معیار پر پورا اترتے ہوں۔
جسمانی آزمائش کے ان مقابلوں میں مرد اور خواتین امیدواروں نے بھرپور شرکت کی۔ ٹیسٹس کے دوران دوڑ سمیت دیگر جسمانی معیار کو جانچا گیا، جبکہ تمام مراحل جدید طریقہ کار اور سخت نگرانی میں مکمل کیے گئے۔ امیدواروں میں جوش و جذبہ نمایاں تھا اور انہوں نے نظم و ضبط کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم تمام بھرتیوں کو مکمل طور پر قابلیت، اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سفارش، دباؤ یا غیر قانونی طریقہ کار کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو برابر کے مواقع فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ایس ڈی ای او شاہد ممتاز نے فزیکل ٹیسٹس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مراحل کڑی نگرانی میں مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ رزقِ حلال کی تلاش میں نکلنے والے نوجوانوں کا حق انہیں ضرور ملے گا اور شفاف عمل کے ذریعے ان کا اعتماد بحال رکھا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے فزیکل ٹیسٹس کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ڈی ایس پی شہباز ہنجرا کی جانب سے فراہم کردہ سکیورٹی اور انتظامی تعاون کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور آئندہ بھی میرٹ پر مبنی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
