ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ ڈومیلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ پیشہ ور بھکاری نہ صرف مختلف شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر کھڑے ہو کر ٹریفک کی روانی کو متاثر کرتے ہیں بلکہ یہ صورتحال اکثر سنگین ٹریفک حادثات کا سبب بھی بنتی ہے، جس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے عناصر کو خیرات دینے کے بجائے متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ اس سماجی مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔
