وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی جماعت وہی زبان استعمال کر رہے ہیں جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور بیانیے سے مماثلت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے نام پر ریاست اور قومی اداروں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
بلال اظہر کیانی نے 124 کلومیٹر طویل للہ جہلم روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری کاموں کا جائزہ لیا اور منصوبے سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ للہ جہلم روڈ کو آئندہ چھ ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس سڑک کی تکمیل سے جہلم اور گرد و نواح کے علاقوں کے عوام کو سفری سہولت میسر آئے گی اور طویل عرصے سے درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت ایسے بیانات دے رہی ہے جو قومی مفاد کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس فوج نے پاکستان کو دشمن کے مقابلے میں کامیابیاں دلائیں، آج اسی ادارے کو پی ٹی آئی کی جانب سے تنقید اور نشانے پر رکھا جا رہا ہے، جو افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
بلال اظہر کیانی کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملے میں شہید سید سجاد حسین شاہ کے اہل خانہ سے ملاقات
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیاست کے نام پر ریاست پر حملہ آور ہے اور کوئی بھی محبِ وطن شہری ایسی زبان استعمال نہیں کر سکتا جو بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس طرزِ عمل سے نہ صرف ملکی وقار کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ دشمن قوتوں کو بھی فائدہ مل رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے پی ٹی آئی حامیوں کو اب قانونی کارروائی اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جھوٹ اور منفی مہمات زیادہ دیر تک نہیں چل سکتیں۔
