ڈومیلی، سوہاوہ میں ایک افسوسناک سانحہ پیش آیا، جہاں سات سالہ معصوم بچی ایمان دختر شکیل فش فارم کے گہرے پانی میں ڈوبنے سے زندگی کی بازی ہار گئی۔
ذرائع کے مطابق ایمان کھیلتے ہوئے ڈومیلی ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ایک فش فارم تک جا پہنچی۔ معصوم بچی کا پیر پھسل گیا اور وہ بے خبری میں پانی میں جا گری۔ مقامی افراد نے جیسے ہی اس منظر کو دیکھا، فوری طور پر بچاؤ کی کوشش کی، لیکن افسوسناک طور پر بچی کو بروقت پانی سے نکالنا ممکن نہ ہو سکا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
حادثے کی اطلاع چند ہی لمحوں میں پورے علاقے میں پھیل گئی۔ ہر طرف غم و اندوہ کی کیفیت چھا گئی۔ محلے دار، رشتہ دار اور دوست احباب بڑی تعداد میں غمزدہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچے۔ ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل رنجیدہ نظر آیا۔
ایمان کی اچانک موت سے محلے میں کہرام مچ گیا ہے۔ بچے، بزرگ اور خواتین سبھی گہرے دکھ اور افسوس میں مبتلا ہیں۔ والدین صدمے سے نڈھال ہیں اور گھر کا ماحول ماتم کدہ بن چکا ہے۔
یہ سانحہ علاقے میں گہرے صدمے اور سوگ کی کیفیت چھوڑ گیا ہے، جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس علاقے میں پہلے بھی فش فارم کے قریب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔