ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثنیہ صفی نے کہا ہے کہ برسات کے موسم میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثنیہ صفی نے کہا ہے کہ موسمِ برسات میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مکمل تیاری کر لی ہے اور جامع حکمتِ عملی ترتیب دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو سیلاب اور بارش کے پانی سے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور امدادی اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ ثنیہ صفی نے ہدایت کی کہ تمام محکمے الرٹ رہیں، نکاسیِ آب کے نظام کو فعال بنایا جائے، اور نشیبی علاقوں میں فوری مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں متحرک کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر یونین کونسل سطح پر ہنگامی پلان کی دستیابی، کشتیوں، پانی نکالنے والی مشینوں اور میڈیکل کیمپس کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے دریا کنارے اور نالہ جات کے اطراف رہائش پذیر افراد کی نشاندہی مکمل کر لی ہے اور ممکنہ انخلا کے لیے متبادل رہائش گاہوں کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ریسکیو 1122، محکمہ صحت، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کے باہمی رابطے کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی ممکن ہو۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے بھر میں مون سون الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور چیف سیکریٹری پنجاب کی زیرِ نگرانی تمام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔