وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی کا ٹریفک لائسنس سینٹر دینہ کا دورہ، جدید سہولیات کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

جہلم،وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم کے شہر دینہ میں حال ہی میں قائم کیے گئے نئے ٹریفک لائسنس سینٹر کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو بھی موجود تھے جنہوں نے وزیر مملکت کو فراہم کی گئی سہولیات اور سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے لائسنس سینٹر میں شہریوں کے لیے فراہم کی گئی جدید اور خودکار سہولیات کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کر کے ان کی کارکردگی اور عوامی سہولت کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا، بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کو بغیر کسی دقت کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت فراہم کرے گا اور ٹریفک کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ لائسنس سینٹر میں جدید کمپیوٹرائزڈ نظام، بایومیٹرک تصدیق، آن لائن اپوائنٹمنٹ اور فوری پراسیسنگ کی سہولت میسر ہے تاکہ عوام کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور تیز تر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ نیا سینٹر صرف ایک دفتر نہیں بلکہ قانون کی عملداری، عوامی خدمت اور شفافیت کی نئی مثال ہے، اور اس کا قیام شہریوں کو سہولت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے اصولوں کی پابندی کا احساس دلانے کی طرف بھی ایک اہم قدم ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں حکومت پاکستان نے شہری سہولیات میں بہتری، بیوروکریٹک نظام میں شفافیت اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں پنجاب پولیس کے لائسنسنگ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن نمایاں حیثیت رکھتی ہے،دینہ میں یہ نیا سینٹر اسی وژن کا عملی اظہار ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter