جہلم، ضلعی انتظامیہ کی مؤثر حکمت عملی، شفاف گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کے عزم نے ایک بار پھر ضلع جہلم کو پنجاب کے بہترین اضلاع میں لا کھڑا کیا ہے، ڈپٹی کمشنر سید میثم عباس کی زیر نگرانی جاری ترقیاتی اور انتظامی اقدامات کے نتیجے میں ضلع جہلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری کردہ انڈیکیٹرز کارکردگی رپورٹ میں مئی کے مہینے میں 92.79 اسکور پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پورے پنجاب میں چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
یہ کارنامہ اس لیے بھی نمایاں ہے کہ اپریل میں بھی ضلع جہلم نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی، جو انتظامیہ کی تسلسل کے ساتھ بہتر کارکردگی، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی، اور موثر گورننس کی مظہر ہے، پنجاب کے 38 اضلاع میں سے چوٹی کی چار پوزیشنز میں جگہ بنانا کسی بھی انتظامی ٹیم کے لیے ایک نمایاں اعزاز ہے۔
ضلعی مشینری کی انتھک محنت، بروقت فیصلے، اور شہری مسائل کے فوری حل نے عوامی اعتماد کو بڑھایا ہے، سروس ڈیلیوری، صفائی، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات اب واضح ثمرات دے رہے ہیں۔
شہریوں اور مختلف سماجی تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر سید میثم عباس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے جس انداز میں ضلعی نظم و نسق کو فعال اور ذمہ دار بنایا ہے، وہ لائق تحسین ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے جہلم کی ضلعی انتظامیہ صوبائی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جاری کی جانے والی انڈیکیٹرز رپورٹ شفافیت، خدمات کی فراہمی، نظم و ضبط، اور ترقیاتی اہداف کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے، جس میں جہلم کا مستقل اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ اس کی فعال انتظامیہ اور قیادت کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔