جہلم میں الیکٹرونکس کمپنی کے منیجر نے اپنی عدالت لگا لی، موبائل فون کی قسط ادا نہ کرنے پر غریب مزدور کو برہنہ کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے مشین محلہ میں نجی الیکٹرونکس کمپنی کے منیجر اور اس کے ساتھیوں نے موبائل فون کی قسط ادا نہ کرنے پر غریب مزدور کو مبینہ طور پر حبسِ بے جا میں رکھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی ویڈیو "جہلم اپڈیٹس” کو موصول ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ محنت کش محمد علی کو برہنہ کر کے مارا پیٹا جا رہا ہے اور وہ ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہا ہے۔
تھانہ سٹی پولیس جہلم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ مرکزی ملزم کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے محمد علی کو نہ صرف شدید تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں اور ہدایت کی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔