ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی پر ضلع بھر میں 3192 ٹن آلائشیں اٹھانے کے لیے 1667 اہلکار اور 594 گاڑیاں و مشینری متحرک رہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔
جہلم، عیدالاضحی کے موقع پر ضلع جہلم میں صفائی کے حوالے سے ایک منظم اور مربوط آپریشن کے دوران 3192 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ضلع کے صحافیوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی عید سے قبل تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق عید پر سب سے بڑا انتظامی چیلنج قربانی کی آلائشوں کی بروقت صفائی اور تلفی تھا، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 1667 اہلکاروں پر مشتمل سکواڈ تشکیل دیا، جن میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل اور تحصیل کمیٹیوں کے ملازمین شامل تھے۔ ان اہلکاروں کو 594 گاڑیوں اور بھاری مشینری بشمول ٹریکٹر ٹرالیاں، منی ٹپرز اور لوڈر ڈمپرز کی مدد حاصل رہی۔
3 روزہ صفائی مہم کے دوران تحصیل جہلم سے 1228 ٹن، تحصیل دینہ سے 786 ٹن، تحصیل سوہاوہ سے 583 ٹن اور تحصیل پنڈ دادن خان سے 645 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ شہریوں کو آلائشیں سڑکوں پر پھینکنے سے روکنے کے لیے ایک بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد بائیوڈیگریڈیبل بیگز گھر گھر اور مختلف مقامات پر تقسیم کیے گئے، تاکہ شہری آلائشیں مناسب طریقے سے جمع کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق عید کے دوران شہریوں کی جانب سے 5000 سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جنہیں موقع پر حل کیا گیا۔ بعد ازاں شہر بھر کی سڑکوں کو دھو کر عرقِ گلاب سے معطر بھی کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے صفائی آپریشن میں شامل تمام عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صفائی عملے کو فی کس 10 ہزار روپے انعام کا اعلان قابلِ تحسین ہے اور یہ عملہ بلاشبہ اس انعام کا مستحق ہے۔
یاد رہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہر سال جانوروں کی قربانی کے بعد آلائشوں کے باعث صفائی ایک بڑا مسئلہ بن جاتا ہے، تاہم اس بار ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر معمولی انتظامات اور نگرانی کے باعث ضلع جہلم کو مثالی صفائی کا ماحول فراہم کیا گیا، جسے شہری حلقوں نے بھی خوب سراہا۔