جہلم:آئی جی پنجاب عبدالکریم کی جانب سے پنجاب پولیس میں اعلیٰ سطحی تقررو تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع جہلم سمیت متعدد اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور سینئر افسران کے تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شفیق احمد چوہدری کو ایس پی آپریشنز اوّل، پی پی آئی سی تھری سنٹر لاہور سے تبدیل کر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ طارق عزیز کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
دوسری جانب جہلم میں بطور ڈی پی او خدمات سرانجام دینے والے طارق عزیز کو تبدیل کر کے ایس ایس پی اسپیشل برانچ لاہور ریجن تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں وہ ایس پی سید عمران کرامت بخاری کی جگہ فرائض انجام دیں گے، جن کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم کی ہدایات پر ضلع بھر میں سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں جاری
پولیس ذرائع کے مطابق شفیق احمد چوہدری ایک سینئر اور تجربہ کار افسر ہیں اور مختلف اہم انتظامی و آپریشنل عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی جہلم تعیناتی سے ضلع میں پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
