جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ڈی پی او آفس کی مختلف برانچز کے انچارج افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، تفتیش کے معیار اور عوامی سروس ڈلیوری سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داریاں فرض شناسی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ، الرٹ ڈیوٹی، مؤثر گشت، نظم و ضبط، بروقت رسپانس اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے تاکید کی کہ خواتین، بچوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ ایس ڈی پی اوز تفتیش کو مانیٹر کرتے ہوئے اس کے معیار کو بہتر بنائیں، تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانا ممکن ہو سکے۔
ڈی پی او جہلم کی ہدایات پر ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشن اور ناکہ بندی، 399 افراد کی چیکنگ
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے محکمانہ احتساب پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور شہریوں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی، میرٹ پر تفتیش، مقدمات کی بروقت پیروی اور پبلک سروس ڈلیوری کے اعلیٰ معیار سے ہی جہلم پولیس ایک بہترین اور قابلِ اعتماد پولیس فورس کہلا سکتی ہے۔
