تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں جھنگ کھوکھراں کے مقام پر ایک زیرِ تعمیر دکان کی دوسری منزل کا لنٹر اچانک گرنے سے چار بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ بچے گراؤنڈ فلور پر موجود تندور کے قریب کھڑے تھے اور اوپر سے زیرِ تعمیر منزل کا ایک حصہ نیچے آں گرا۔
حادثے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو ملبے سے نکالا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی بچوں کو رورل ہیلتھ سینٹر ڈومیلی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
زخمی بچوں میں شامل ہیں: چھ سالہ محمد آفلان ولد ارم شہزاد، آٹھ سالہ حاشر عبداللہ ولد فرخ شہزاد، سات سالہ حشام عبداللہ ولد فرخ شہزاد، اور پندرہ سالہ محمد جمال ولد سلمان۔ ان میں سے محمد آفلان کی ٹانگ ٹوٹ گئی جس کے باعث اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔
لیاری میں عمارت گرنے کا سانحہ: ریسکیو آپریشن مکمل، 27 افراد جاں بحق
واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی پر احتجاج کیا اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے بیشتر دیہی علاقوں میں تعمیرات کے دوران نہ تو حفاظتی انتظامات کیے جاتے ہیں اور نہ ہی نگرانی کا کوئی مؤثر نظام موجود ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں ایسے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر انتظامیہ کی توجہ طلب کر لی ہے۔