ڈپٹی کمشنر جہلم رضا اوزگن نے واسا ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسی آب سے متعلق جاری منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نارتھ زون کے علاقے سلمان پارس میں واقع نالے کی توسیع کے کام کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار اور معیار کو چیک کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نالے کی چوڑائی میں اضافہ اس طرح کیا جائے کہ علاقے میں نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے اور شہریوں کو بارشوں کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ساؤتھ زون کے علاقے سعیلہ کا دورہ کیا جہاں نئے نالے کی تعمیر کا کام کچھ عرصے سے رکا ہوا تھا۔ انہوں نے موقع پر ہی کام کی بندش کی وجوہات معلوم کیں اور واسا حکام کو فوری طور پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے ان اہم منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ وہ میدان میں موجود رہ کر نالوں کی توسیع اور تعمیر کی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو درپیش سیوریج کے مسائل جلد حل ہو سکیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب شہریوں نے سلمان پارس میں نالے کی توسیع اور سعیلہ میں رکے ہوئے کام کو دوبارہ شروع کروانے کے اقدام کو سراہا ہے۔
