ڈی سی جہلم کا پرائس مجسٹریٹس کو کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور گراں فروشی کے تدارک کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ ماہِ صیام میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

latest urdu news

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ان افسران پر سخت برہمی کا اظہار کیا جو مقررہ چیکنگ ٹارگٹس حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کارکردگی میں کمزوری دکھانے والے پرائس مجسٹریٹس سے فوری وضاحت طلب کرتے ہوئے تاکید کی کہ آئندہ کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران کو اپنی فیلڈ سرگرمیاں بڑھانے اور مارکیٹوں میں باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ڈی سی جہلم نے زور دیا کہ رمضان المبارک سے قبل تمام بازاروں اور مارکیٹوں میں سرکاری ریٹ لسٹوں کی نمایاں آویزاں ہونا لازمی بنایا جائے۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ کارکردگی بہتر نہ بنانے والے افسران کو آخری وارننگ جاری کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کا اولڈ جی ٹی روڈ اور بازار کا دورہ، ماڈل بازار بنانے اور شجرکاری مہم تیز کرنے کا اعلان

مزید برآں، تجاوزات اور پرائس کنٹرول قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونے دیا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter