جہلم میں موسمی تبدیلی کے باعث کھانسی کی وباء میں اضافہ، بچے زیادہ متاثر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم اور گردونواح میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کھانسی، بخار، نزلہ زکام اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ خاص طور پر چھوٹے بچے اس وباء سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اسپتالوں میں روزانہ درجنوں مریض کھانسی اور سانس کی تکالیف کے ساتھ پہنچ رہے ہیں، جبکہ شہری طبّی ماہرین نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

latest urdu news

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم کے معروف میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بڑی تیزی سے ظاہر ہو رہے ہیں، جس سے ہر عمر کے افراد خصوصاً بچے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے، تاکہ شہری مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

ڈاکٹر فواد مجید کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹھنڈی اور کھٹی چیزوں سے پرہیز کروائیں، کیونکہ اس سے گلا فوراً متاثر ہوتا ہے جس کے نتیجے میں کھانسی، بخار اور نزلہ زکام جیسی علامات پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کھانسی یا بخار کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر سرکاری اسپتال یا ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں، خود علاجی سے پرہیز کریں، اور بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی اثرات کی شدت کے باعث اس وقت بچوں میں مختلف اقسام کی سانس کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ شہری گھروں میں صفائی ستھرائی برقرار رکھیں، بچوں کو ٹھنڈی ہوا سے بچائیں اور متوازن غذا فراہم کریں تاکہ ان کا مدافعتی نظام مضبوط رہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter