الخدمت فاؤنڈیشن جہلم کی جانب سے تعلیم کے فروغ اور تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت ضلع بھر کے نان فارمل (غیر رسمی) تعلیمی مراکز کے لیے 90 وائٹ بورڈز ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیے گئے۔ اس فلاحی اقدام کو ضلعی سطح پر تعلیم کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن جہلم اور جماعت اسلامی کے وفد نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں منعقدہ ایک مختصر مگر بامقصد تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن جہلم خبیب رضا بٹ کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے لیٹریسی نان فارمل اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے لیے 90 وائٹ بورڈز ضلعی انتظامیہ کے سپرد کیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے یہ تعلیمی سامان فوری طور پر ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم کے حوالے کر دیا تاکہ یہ وائٹ بورڈز جلد از جلد متعلقہ نان فارمل تعلیمی مراکز میں نصب کیے جا سکیں اور بچوں کی تدریسی سرگرمیوں میں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی جذبے اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے فلاحی اداروں کا حکومت کے شانہ بشانہ چلنا نہایت خوش آئند اور قابلِ تقلید عمل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن اسی جذبے کے تحت تعلیمی اور سماجی منصوبوں میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے، غریب اور نادار بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور شرح خواندگی میں اضافے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یہ مشن آئندہ بھی پوری تندہی سے جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم نے ضلعی انتظامیہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فراہم کیے گئے وائٹ بورڈز مکمل شفافیت کے ساتھ ضرورت مند نان فارمل اسکولوں تک پہنچا دیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
