جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور فارمیسی کا معائنہ کیا جبکہ عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ادویات کی فراہمی کے عمل کو بھی چیک کیا۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے رویے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہدایت کی کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ عوامی خدمت کا عمل متاثر نہ ہو۔
