16 سالہ نوجوان دریائے جہلم میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنڈ دادنخان کے علاقے کالس بیلا میں دریا عبور کرتے ہوئے 16 سالہ نوجوان محمد علی جہلم کی موجوں کی نذر ہو گیا، لاش نکال کر اسپتال منتقل کر دی گئی۔

پنڈ دادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 16 سالہ نوجوان دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ تحصیل کے نواحی گاؤں کالس بیلا، نزد قمر گاؤں کے قریب پیش آیا۔ متوفی نوجوان کی شناخت محمد علی نواز ولد نواز کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ ضلع ساہیوال کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔

latest urdu news

عینی شاہدین اور ریسکیو 1122 کے مطابق، محمد علی اپنے جانوروں کے ریوڑ کے ہمراہ دریا عبور کر رہا تھا کہ اچانک تیز لہروں کی لپیٹ میں آ گیا اور پانی میں بہہ گیا۔ دریا کی تیز روانی اور گہرائی کے باعث وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دیکھتے ہی دیکھتے نظروں سے اوجھل ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریبی دیہاتیوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کر دی۔ کچھ دیر کی مسلسل کوششوں کے بعد محمد علی کی لاش دریا سے نکال لی گئی۔ بعدازاں ریسکیو 1122 کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پنڈ دادنخان منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ دریائے جہلم اور دیگر قدرتی آبی گزرگاہوں کے قریب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال متعدد افراد حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں، خاص طور پر مویشی چرانے والے دیہاتی نوجوان، جو عموماً حفاظتی تدابیر کے بغیر دریا عبور کرتے ہیں، ایسے سانحات کا شکار بنتے ہیں۔ حکومت و مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حساس مقامات پر وارننگ بورڈز اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter