پولیس کی کارروائی وائرل ویڈیو کی بنیاد پر، اہلکار بھی زیرِ حراست
لاہور: پولیس نے معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا شخصیت کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتاری وائرل ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں کاشف ضمیر ایک پولیس اہلکار کے ساتھ نظر آئے تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے کاشف ضمیر کو لاہور کے باہر سے حراست میں لیا گیا اور انہیں لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایس پی فیصل کامران نے تصدیق کی کہ ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی، چاہے وہ عوامی شخصیت ہی کیوں نہ ہو۔