اداکارہ زارا نور عباس نے اپنے تازہ بیان میں مشترکہ خاندانی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایک نئی بحث چھیڑ دی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا۔
زارا نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ جوائنٹ فیملی سسٹم صرف ہماری ثقافت کی پہچان نہیں بلکہ آج کے دور میں بڑھتی ہوئی تنہائی، ذہنی دباؤ اور سماجی دوریوں کا ممکنہ حل بھی ہے۔
انہوں نے لکھا: "ماضی میں خاندانوں کے درمیان قربت کا یہ عالم تھا کہ لوگ پیدل ایک دوسرے کے گھروں میں آتے جاتے، ایک ساتھ کھانا کھاتے، بچوں کی تربیت اور زندگی کے نشیب و فراز میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹاتے۔ وہ وقت آسان اور بامعنی لگتا تھا۔”
زارا کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دوبارہ خاندانی اکٹھ کو فروغ دیں۔ انہوں نے پوسٹ کا اختتام ان الفاظ سے کیا: "مشترکہ خاندانی نظام زندہ باد!”

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)
ان کے اس خیالات کو جہاں مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، وہیں سوشل میڈیا پر اس موضوع پر سنجیدہ مکالمہ بھی شروع ہو گیا۔ کئی صارفین نے ان کی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید مگر تنہا طرزِ زندگی میں جوائنٹ فیملی سسٹم ایک ضروری سہارا بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ان کے فلیٹ سے دس ماہ بعد برآمد ہوئی تھی، جہاں وہ اکیلی رہا کرتی تھیں۔ اسی طرح سینئر فنکارہ عائشہ خان بھی اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔ یہ واقعات تنہائی اور خاندانی ٹوٹ پھوٹ کے نتائج کے طور پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔