نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا، نام PNIL لسٹ میں شامل تھا۔
لاہور،نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈکی بھائی کے خلاف مختلف مقدمات میں تحقیقات پہلے سے جاری تھیں، جبکہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل تھا۔
ایجنسی کے مطابق ڈکی بھائی بیرون ملک روانگی کی کوشش کر رہے تھے تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں، تاہم ایئرپورٹ حکام نے فہرست میں نام شامل ہونے پر انہیں روانگی سے روک دیا۔
واضح رہے کہ اپریل 2024ء میں بھی موٹروے پولیس نے ڈکی بھائی کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور دوران ڈرائیونگ اسٹنٹس کرنے پر دو مقدمات درج کیے تھے،اسی برس لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کی تھی۔ بعد ازاں لاپرواہی ڈرائیونگ کیس میں انہیں حفاظتی ضمانت بھی حاصل ہو گئی تھی۔