اداکار یاسر حسین نے نادیہ خان کی عدالتی دھمکیوں کو طنز و مزاح میں اُڑا دیا، انسٹاگرام پر دلچسپ تبصرے، صارفین کی جانب سے ملی جُلی آراء۔
کراچی، پاکستانی اداکار اور ہدایت کار یاسر حسین نے اپنی طنزیہ حسِ مزاح کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان نادیہ خان کی عدالتی کارروائی کی دھمکیوں کو نہ صرف ہلکے میں لیا بلکہ طنز و مزاح میں لپیٹ کر سوشل میڈیا پر ایک نیا سلسلہ چھیڑ دیا ہے۔
گزشتہ روز نادیہ خان نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے ناقدین کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ اب ذاتی نوعیت کے تبصروں کو برداشت نہیں کریں گی اور عدالتی راستہ اپنائیں گی۔ اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں حسبِ روایت چٹکلے چھوڑے اور مزاحیہ جملوں کی بوچھاڑ کر دی۔
یاسر نے لکھا کہ "یہ صبا فیصل جی اور ثروت گیلانی نے ہی کچھ بولا ہوگا، میرے ڈیڑھ نمبر دینے سے اگر کسی کو برا لگا ہے تو سوری کر لیتا ہوں، اور ڈھائی نمبر کر دیتا ہوں۔” ساتھ ہی انہوں نے نادیہ کی مشہور لائن "ہیپی ٹو یو” کو بھی اسٹوری کا حصہ بنا کر ماحول کو مزید ہلکا پھلکا کر دیا۔
یاسر حسین نے بالی ووڈ اسٹائل اپناتے ہوئے مزید طنز کیا، "میں کروں تو سالا کیریکٹر ڈھیلا ہے” اور صبا فیصل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، "تُسی بڑے مذاقیے ہو۔” اس پر بھی بس نہ کیا بلکہ ایک پنجابی محاورے "تواڈا کُتا ٹومی، تے ساڈا کُتا، کُتا” کے ساتھ معاملے کو مکمل تفریحی رنگ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نادیہ حسین کی 53 کروڑ بینک فراڈ کیس میں ضمانت پر فیصلہ دوبارہ مؤخر
یہ مزاحیہ وار اس وقت مزید نمایاں ہوا جب معروف یوٹیوبر جنید اکرم نے یاسر حسین کو ٹیگ کر کے کہا، "سدھر جاؤ”، جس پر یاسر نے معصومانہ انداز میں جواب دیا، "بھائی میں نہیں ہوں، مومن علی منشی، صبا فیصل اور ثروت گیلانی ہیں۔”
سوشل میڈیا پر اس نوک جھونک کو دیکھنے والے صارفین کی رائے تقسیم ہے۔ بعض نے یاسر کی حاضرجوابی کو سراہا اور اسے "جیسا کو تیسا” کا عملی مظاہرہ قرار دیا، جبکہ کچھ نے معاملے کو سنجیدگی سے نہ لینے پر تنقید کی۔
یاد رہے کہ نادیہ خان اور یاسر حسین کے درمیان یہ لفظی جنگ اس وقت شروع ہوئی جب یاسر نے نادیہ کے ڈراموں کو صرف 1.5 ریٹنگ دی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نادیہ واقعی قانونی راستہ اختیار کرتی ہیں یا یہ طنزیہ بیانیہ سوشل میڈیا پر ہی ختم ہو جاتا ہے۔