معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی میت ان کے گھر لانے کے بجائے براہِ راست لاہور کے ماڈل ٹاؤن کے کیو بلاک قبرستان منتقل کی جا رہی ہے
جہاں نمازِ جنازہ بھی وہیں ادا کی جائے گی۔ قریبی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ لاش کی خراب حالت اور ڈی کمپوزیشن کے باعث کیا گیا ہے، تاکہ اہل خانہ اور شرکاء کو کسی ممکنہ پریشانی یا صدمے سے بچایا جا سکے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی موت 8 سے 10 ماہ قبل ہوئی اور ان کی لاش مکمل طور پر گل سڑ چکی تھی۔ جسم کی ہڈیاں سلامت تھیں، اور کسی قسم کے تشدد یا زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔ لاش اتنی بری حالت میں تھی کہ چہرے سمیت جسم کے کئی حصے پٹھوں سے خالی تھے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل اداکارہ کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ان کے کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جس کے بعد شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی تھی۔ تدفین میں صرف قریبی عزیز و اقارب اور شوبز سے وابستہ چند قریبی افراد کی شرکت متوقع ہے