اداکار، ہدایتکار اور مصنف شمعون عباسی نے اپنی تین ناکام شادیوں کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی شریکِ حیات زندگی سے کچھ اور چاہتی تھیں، جبکہ وہ خود سادگی اور وقت کے ساتھ آگے بڑھنے پر یقین رکھتے ہیں۔
معروف اداکار، ہدایتکار اور مصنف شمعون عباسی نے پہلی بار اپنی تین ناکام شادیوں کے اسباب پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ طلاقوں کی بنیادی وجہ شریکِ حیات سے زندگی سے مختلف توقعات کا ہونا تھا۔
ایک حالیہ ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے شمعون عباسی نے کہا کہ "میری سابقہ بیویاں زیادہ کامیابی، شہرت اور مالی آسائشوں کی خواہاں تھیں، جبکہ میں چیزوں کے قدرتی بہاؤ اور وقت کے ساتھ آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہوں۔”
شمعون عباسی کی پہلی شادی اداکارہ جویریہ عباسی سے ہوئی تھی، جن سے ان کی بیٹی انزالہ ہے۔ بعد ازاں انہوں نے حمائمہ ملک سے شادی کی، جو ایک سال بعد ختم ہو گئی، جبکہ ان کی تیسری شادی جویریہ رندھاوا سے ہوئی، جن سے ان کی ایک اور بیٹی ہے۔ شمعون عباسی اس وقت اداکارہ شیری شاہ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہیں اور ان کا یہ رشتہ گزشتہ پانچ سال سے قائم ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی اپنی سابقہ بیویوں کے خلاف منفی بات نہیں کرتے، بلکہ وہ ان کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شاید وہ اپنی شریکِ حیات کی خواہشات اور ضروریات کو وقت پر مکمل طور پر نہ سمجھ سکے، جس کے باعث تعلقات میں دراڑ پڑی۔
شمعون نے مزید کہا کہ بعض اوقات لوگ برے نہیں ہوتے، لیکن ان کا ایک ساتھ چلنا ممکن نہیں ہوتا۔ "آج بھی میں اپنی سابقہ شریکِ حیات سے خوش اخلاقی سے بات کر سکتا ہوں، کیونکہ ہم دونوں نے ایک دوسرے کے لیے عزت قائم رکھی ہے۔”
شمعون عباسی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں مداح ان کی صاف گوئی اور سابقہ رشتوں کے لیے عزت کے اظہار کو سراہ رہے ہیں۔