حمیرا اصغر کا کس کے ساتھ تنازعہ تھا، پڑوسیوں کو کیا آوازیں آتی تھیں؟

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں واقع ایک فلیٹ سے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی پندرہ روز سے زائد پرانی لاش ملنے کے معاملے میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مظہور علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حمیرا اصغر کا اپنے فلیٹ مالک سے کرایہ کا تنازعہ چل رہا تھا، اور وہ سال 2024 سے اب تک کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔

latest urdu news

ایس ایس پی کے مطابق، عدالتی حکم پر بیلیف نے جب فلیٹ کھولا تو اندر سے حمیرا کی لاش ملی، جو تقریباً 40 فیصد تک مسخ ہو چکی تھی۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ان کا موبائل نمبر اکتوبر 2024 سے بند تھا، لیکن ممکنہ طور پر وہ وائی فائی یا کسی دوسرے نمبر کا استعمال کر رہی تھیں۔ پولیس نے فلیٹ سے برآمد ہونے والے موبائل فون، پینٹنگز، اور دیگر اہم اشیاء کو کرائم سین یونٹ کی تحویل میں دے دیا ہے۔

پڑوسیوں کے مطابق، فلیٹ سے اکثر اوقات حمیرا کی چیخنے کی آوازیں آتی تھیں، جس سے شبہ ہے کہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، ان کے خاندان سے بھی رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے اب تک لاش وصول نہیں کی، اور نہ ہی کوئی پیش رفت ہوئی ہے، اداکارہ کے والد نے بھی حمیرا سے تعلق ختم کر دینے کی تصدیق کی ہے۔

ادھر، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق لاش مکمل طور پر گل سڑ چکی ہے اور بظاہر موت کی کوئی وجہ معلوم نہیں ہو سکی،پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق لاش سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمن کے سیمپلز لے کر تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں، اور حتمی رپورٹ آنے تک موت کی وجہ پر رائے دینا ممکن نہیں۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر ماڈلنگ اور اداکاری کے میدان میں سرگرم تھیں، اور ان کا آخری انٹرویو، جس میں وہ منافقت اور اپنوں کے رویے پر اظہار خیال کر رہی تھیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔ ان کی موت کے پُراسرار پہلو نے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter