کراچی ،پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے ساتھ ساتھ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تازہ ترین اقدام میں بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے متعدد پاکستانی فنکاروں اور کرکٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بلاک کر دیے ہیں۔
ان فنکاروں میں مشہور اداکارہ اور میزبان اُشنا شاہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے بھارتی حکومت کے اس غیر سنجیدہ فیصلے پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ میری دنیا ہی اُجڑ گئی ابھی، مودی جی یہ کیا کر دیا۔
اداکارہ نے اس پوسٹ کے ساتھ ٹوٹے دل اور رونے والے ایموجیز کا استعمال بھی کیا۔
اُشنا شاہ کی اس مزاحیہ اور چبھتی ہوئی پوسٹ کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی، ایک صارف نے لکھا’’کاش یہ طنز مودی سرکار کے پلے بھی پڑ جائے،‘‘ ایک اور صارف نے رائے دی کہ ’’جنہیں سمجھایا جا رہا ہے، وہ اگر سمجھدار ہوتے تو ایسی بچگانہ حرکتیں کبھی نہ کرتے۔‘‘
واضح رہے کہ اس اقدام کی زد میں ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور علی ظفر سمیت کئی معروف شخصیات آ چکی ہیں، اس سےپہلےبھارتی حکام نے پاکستان کے کئی کرکٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی محدود کر دیے تھے۔