نیٹ فلکس کی مشہور زمانہ ویب سیریز ’ویڈنزڈے‘ کے سیزن 2 کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔
نیٹ فلکس کی مقبول ترین ہارر ویب سیریز "ویڈنزڈے” کے سیزن 2 کا پہلا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے شائقین میں ایک بار پھر تجسس کی لہر دوڑا دی ہے۔ سیزن 1 کی زبردست کامیابی کے بعد مداح بے صبری سے اس نئی قسط کے منتظر تھے، اور اب نیورمور اکیڈمی کی پرُاسرار دنیا میں واپسی کا وقت قریب آ گیا ہے۔
اس بار مرکزی کردار ویڈنزڈے ایڈمز، جسے جینا اورٹیگا نے بخوبی نبھایا ہے، اپنے والدین مورٹیشیا اور گومز کے ہمراہ اسکول واپس لوٹتی ہے۔ کہانی میں کئی نئے موڑ اور کردار شامل کیے گئے ہیں، جو اسے مزید سنسنی خیز اور دلچسپ بناتے ہیں۔ سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ ویڈنزڈے اب جان چکی ہے کہ "لاشیں کہاں دفن ہیں” — جو اس بار کی کہانی کی گہرائی اور پیچیدگی کا عندیہ دیتا ہے۔
ریلیز سے قبل جاری ہونے والے ٹیزر میں ویڈنزڈے کو ایئرپورٹ سیکیورٹی سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جہاں وہ اپنے لباس میں چھپائے گئے مختلف ہتھیار نکالتی ہے۔ اس منظر نے نہ صرف ناظرین کو حیران کیا بلکہ سیریز کے منفرد انداز کو بھی نمایاں کیا۔
سیریز کے دوسرے سیزن کو دو مراحل میں ریلیز کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 6 اگست 2025 کو اور دوسرا مرحلہ 3 ستمبر 2025 کو نیٹ فلکس پر نشر کیا جائے گا۔ مداحوں کے لیے یہ سیزن ایک اور جذباتی، پراسرار اور دل دھڑکانے والی مہم ثابت ہونے والا ہے۔