والد کی زندگی کے آخری لمحات کو یوٹیوب ولاگ میں پیش کرنے والی لاہور کی دو خواتین ولاگرز کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا رہا، تاہم عوامی ردِ عمل کے بعد انہوں نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے وضاحتی ویڈیو جاری کر دی۔
ولاگرز کا کہنا تھا کہ وہ ایک مشکل مالی صورتحال سے گزر رہی ہیں، کیونکہ گھر میں کمانے والا کوئی نہیں تھا۔ ان کے دونوں بھائی کسی مجبوری کے تحت کام کے قابل نہیں ہیں، جس کے باعث انہیں روزگار کے لیے یوٹیوب کا سہارا لینا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ والد کی تیمارداری، دیکھ بھال اور ان کے ساتھ آخری لمحات کو صرف اس لیے ولاگ میں دکھایا تاکہ ان کی جدوجہد اور خدمت کو محفوظ رکھا جا سکے اور یوٹیوب سے کچھ آمدن بھی حاصل ہو۔
خواتین ولاگرز کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ انہوں نے کروڑوں روپے کما لیے، جو سراسر غلط ہے۔ حقیقت میں انہیں یوٹیوب سے صرف چند ہزار روپے ہی موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ والد کی خدمت کے تمام تر فرائض وہی دونوں بہنیں انجام دے رہی تھیں، اور اس وقت ان کے پاس وسائل نہ ہونے کے برابر تھے۔
خواتین ولاگرز نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی نیت کو سمجھا جائے اور بلاوجہ تنقید کے بجائے حالات کو مدنظر رکھا جائے۔