بھارتی سینئر اداکار رضا مراد نے اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ابھی زندہ ہوں تو جینے دو!”۔ اداکار کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی افواہوں نے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹس میں رضا مراد کی وفات کی جھوٹی خبر وائرل ہوئی، جس کے بعد ان کے اہل خانہ کو مسلسل کالز اور پیغامات موصول ہونے لگے۔ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے ان افواہوں کے خلاف پولیس میں باقاعدہ شکایت بھی درج کرا دی ہے۔
رضا مراد کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ان کے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہوں، اس سے قبل بھی ان کی موت کی افواہیں گردش کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا، "کچھ لوگوں کو میرے وجود سے ہی مسئلہ ہے، شاید اسی لیے وہ ایسی گھناؤنی حرکتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے میرے نام سے جھوٹی پوسٹ کی، میری سالگرہ اور موت کی جعلی تاریخ تک شامل کر دی۔”
سینئر اداکار نے مزید کہا، "میں مسلسل لوگوں کو یہ بتانے میں تھک چکا ہوں کہ میں زندہ ہوں۔ میرا گلا، زبان اور ہونٹ خشک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات، کالز اور پوسٹس کی کاپیاں بھیجی جا رہی ہیں۔”
واضح رہے کہ رضا مراد کا شمار بالی ووڈ کے تجربہ کار اور سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ فلم "پریم روگ” سمیت متعدد کلاسک فلموں میں اپنی جاندار اداکاری کے لیے مشہور ہیں۔ ان کی جھوٹی موت کی خبر وائرل ہونے پر مداحوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، جس کے بعد ان کا وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔